معلوماتِ عامہ کے حوالہ سے سرگرم انگریزی ویب سائٹ "wtffunfact.com” کی ایک تحقیق کے مطابق "Amou Haji” دنیا کا گندا ترین آدمی ہے۔
تحقیق میں آگے رقم ہے کہ موصوف کے حصے میں ویسے ہی یہ ریکارڈ نہیں آیا۔ اس حوالہ سے اسے کئی پاپڑ بیلنے پڑے ہیں، جیسا کہ وہ پورے 60 سال بنا نہائے زندہ رہتا چلا آ رہا ہے۔اس کے علاوہ وہ مردہ جانوروں کا سڑا ہوا گوشت کھاتا ہے، مختلف جانوروں کے سوکھے ہوئے فضلے کو تمباکو کے طور پر استعمال کرتا ہے۔
جنوری 2014ء کو "odditycentral.com” کی شائع شدہ تحقیق کے مطابق "Amou Haji”کا تعلق ایران سے ہے اور اس کی عمر 80سال ہے(اب اس کی عمر 84 سال ہوگی)۔ اس تحقیق کے مطابق موصوف کا خیال ہے کہ صفائی اُسے بیمار کرتی ہے۔ جب بھی کوئی اُسے نہانے کا کہتا ہے، تو اسے شدید غصہ آتا ہے۔ اس وجہ سے وہ ایران کے صوبہ فارس کے ایک دور افتادہ گاؤں میں تنہا زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔
"wtffunfact.com” کی تحقیق میں سب سے عجیب بات یہ رقم ہے کہ موصوف غیر شادی شدہ ہے اور اپنا گھر بسانے کے لیے آج بھی (یعنی 84 سال کی عمر میں) کسی اچھی سی لڑکی کی تلاش میں ہے۔