جنوبی کوریا اکثر اپنی منفرد تقافت کے حوالہ سے خبروں کی زینت بنتا ہے۔
اس حوالہ سے حالیہ ایک عجیب و غریب تحقیق معلوماتِ عامہ کی مشہور انگریزی ویب سائٹ "wtffunfact.com” پر کچھ یوں شائع ہوئی ہے کہ جنوبی کوریا میں شادی کے موقع پر آنے والے مہمانوں کی تعداد انتہائی اہم ہوتی ہے۔ جتنے زیادہ مہمان ہوتے ہیں، اتنی ہی زیادہ شادی والے خاندان کی عزت بڑھتی ہے۔
تحقیق میں عجیب و غریب نکتہ یہ ہے کہ اگر شادی والے دن مہمانوں کی تعداد کم ہو، تو خاندان کی ساکھ داؤ پر لگنے کی ڈر سے جعلی مہمانوں (Fake Guests) کا آرڈر دیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے جنوبی کوریا میں مختلف ایجنسیاں مناسب قیمت کے عوض اپنی خدمات پیش کرتی ہیں۔
اس سے بھی عجیب و غریب بات یہ ہے کہ مذکورہ ایجنسیاں باقاعدہ طور پر پیکیجز دیتی ہیں، جیسے 50 جعلی مہمانوں کے گروپ کے ساتھ 5 بالکل فری، 100 مہمانوں کے ساتھ 10 فری، وعلیٰ ہذاالقیاس۔