عام طور پر اس مرکب لفظ کا املا ’’خیر صَلّا‘‘ لکھا جاتا ہے مگر رشید حسن خان کی کتاب ’’انشا اور تلفظ‘‘ کے صفحہ نمبر 78 پر اس کا اِملا ’’خیر سَلّا‘‘ درج ہے۔
مولوی سید احمد دہلوی کے تالیف شدہ لغت ’’فرہنگِ آصفیہ‘‘ اور مولوی نور الحسن نیر کے ’’نور اللغات‘‘ کے مطابق بھی املا ’’خَیر سَلّا‘‘ ہی ہے جب کہ اس کے معنی ’’خیر و عافیت‘‘ اور ’’مزاج پرسی‘‘ کے ہیں۔
اُردو کی آن لائن ڈکشنری "urdulughat.info”، ’’نور اللغات‘‘ اور ’’جہانگیر اُردو لغت‘‘ میں پورا محاورہ یوں درج ہے’’اللہ اللہ خیر سلا۔‘‘ اس لیے ’’اللہ اللہ خیر صلا‘‘ لکھنے سے اجتناب ضروری ہے۔