وکی پیڈیا کے مطابق اردو کے نامور مزاح نگار ضیاء الحق قاسمی 26 اکتوبر سنہ 2006ء وکو کراچی میں حرکتِ قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 71 برس تھی۔
ضیاء الحق قاسمی بھارت کے شہر امرتسر میں پیدا ہوئے۔ پاکستان بننے کے بعد ان کا خاندان حیدرآباد آ کر آباد ہوا۔ بعد میں وہ کراچی منتقل ہو گئے جہاں سے انہوں نے ماہنامہ ’’ظرافت‘‘ جاری کیا۔ وہ مشہور مزاح نگار عطا الحق قاسمی کے چھوٹے بھائی تھے۔
ضیاء الحق قاسمی نے اردو ادب میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ مزاحیہ شاعری کے ساتھ انہوں نے سنجیدہ شاعری اور نثر میں بھی طبع آزمائی کی۔ ان کے مشہور مجموعوں میں’’ہرے بھرے زخم‘‘، ’ ’رگِ ظرافت‘‘، ’’ضیاء پاشیاں‘‘ اور ’’چھیڑخانیاں‘‘ قابل ذکر ہیں۔ قاسمی کی اصل وجہ شہرت مزاحیہ شاعری ہی رہی اور انہیں اس سلسلے میں بھرپور پذیرائی ملی۔
ملک کا پہلا مزاحیہ رسالہ ’’ظرافت‘‘ ان کی ادارت میں اکیس برس تک شائع ہوتا رہا۔ ان کی ایک اور وجۂ شہرت ملکی اور عالمی مزاحیہ مشاعرے منعقد کرانا بھی رہی۔ انہوں نے پاکستان کے بڑے شہروں میں مزاحیہ مشاعرے منعقد کرائے۔ قاسمی بعض ٹی وی پروگراموں میں بطورِ میزبان شریک ہوتے رہے۔ کراچی میں حرکتِ قلب بند ہونے کی وجہ سے ان کا انتقال ہوا۔ انتقال کے وقت ان کی عمر اکہتر سال تھی۔