معلوماتِ عامہ کے حوالہ سے مشہور انگریزی ویب سائٹ "timeanddate.com” کی ایک تحقیق کے مطابق بنگالی زبان کے نوبل انعام یافتہ شاعر، فلسفی اور افسانہ و ناول نگار "رابندر ناتھ ٹیگور” 7 مئی 1861ء کو پید اہوئے۔
وکی پیڈیا کے مطابق رابندر ناتھ ٹیگور کا اصل نام "رویندر ناتھ ٹھاکر” تھا۔ ’’ٹیگور‘‘ ٹھاکر کی بگڑی ہوئی شکل ہے۔ آپ کلکتہ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کلکتہ ہی میں حاصل کی۔ آپ کی پہلی کتاب صرف 17 برس کی عمر میں منصۂ شہود پر آئی۔ پھر قانون کی تعلیم حاصل کرنے کی خاطر 1878ء میں انگلستان گئے۔ ڈیڑھ سال بعد ڈگری لیے بغیر لوٹ آئے اور اپنے طور پر پڑھنے لکھنے اور اپنی شخصیت کو پروان چڑھانے میں مصروف ہو گئے۔
آپ کو 1913ء میں ادب کے سلسلے میں نوبل پرائز ملا۔ 1915ء میں برطانوی حکومت ہند کی طرف سے آپ کو ’’سر‘‘ کا خطاب دیا گیا، لیکن برطانوی راج میں پنجاب میں عوام پر تشدد کے خلاف احتجاج کے طور پر انہوں نے ’’سر‘‘ کا خطاب واپس کر دیا۔
آپ کو بنگالی زبان کا شکسپیئر بھی کہتے ہیں۔
1934ء کے بعد ٹیگور کی صحت خراب ہو گئی اور 1941ء کو یہ عظیم شاعر، فلسفی اور افسانہ و ناول نگار بمقام کلکتہ انتقال کر گئے۔