معلوماتِ عامہ کی مشہور ویب سائٹ "timeanddate.com” کی تحقیق کے مطابق ایڈولف ہٹلر 20 اپریل 1889ء کو پیدا ہوا۔
وکی پیڈیا کے مطابق ہٹلر آسٹریا کے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوا تھا۔ اس کی تعلیم نہایت کم تھی۔ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کے کالج آف فائن آرٹس میں اُسے محض اس لیے داخلہ نہ مل سکا کہ وہ ان کے مطلوبہ معیار پر نہیں اترتا تھا۔ 1913ء میں ہٹلر جرمنی چلا آیا، جہاں پہلی جنگ عظیم میں جرمنی کی طرف سے ایک عام سپاہی کی حیثیت سے لڑا اور فوج میں اس لیے ترقی حاصل نہ کر سکا کہ افسران کے نزدیک اس میں قائدانہ صلاحیتوں کی کمی تھی۔ 1919ء میں ہٹلر جرمنی کی ورکرز پارٹی کا رُکن بنا جو 1920ء میں نیشنل سوشلسٹ جرمن ورکرز پارٹی (نازی) کہلائی۔ 1921ء میں وہ پارٹی کا چیئرمین منتخب ہوا۔ 1930ء میں منعقد ہونے والے انتخابات میں نازی پارٹی جرمنی کی دوسری بڑی پارٹی بن گئی۔ 1933ء کے انتخابات میں نازی پارٹی اکثریت حاصل نہ کر سکی، مگر سب سے بڑی پارٹی کی حیثیت سے پریزیڈنٹ نے ہٹلر کو حکومت بنانے کی دعوت دی اور ہٹلر ملک کے سب سے اعلیٰ عہدے چانسلر تک پہنچ گیا۔ چانسلر بننے کے بعد ہٹلر نے جو سب سے پہلا کام کیا، وہ نازی پارٹی کا فروغ تھا۔ اس مقصد کے لیے اس نے اپنے مخالفین کو دبانے کا ہر حربہ آزمایا۔ اس دوران میں اس نے ملک میں بے روزگاری کے خاتمے اور دوسرے متعدد ترقیاتی اقدامات کے ذریعے سے جہاں جرمنوں کی اکثریت کو اپنا گرویدہ بنایا، وہاں انہیں یہ بھی بتایا کہ وہ دنیا کی عظیم ترین اور فاتح قوم ہیں۔1939ء میں ہٹلر کی جانب سے پولینڈ پر جارحیت دوسری جنگ عظیم کے آغاز کا باعث بنی۔
…………………………………………….

لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔