11 مارچ پاکستان کے نامور اردو نقاد ،افسانہ نگار، ماہرِ لسانیات، ماہرِ اقبالیات، ادبی مؤرخ، معلم اور محقق ڈاکٹر سلیم اختر کی پیدائش کا دن ہے۔
وکی پیڈیا کے مطابق ڈاکٹر سلیم اختر 11 مارچ1934ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ آپ نے اپنی کتاب ’’اردو ادب کی مختصر ترین تاریخ‘‘ کی وجہ سے شہرت پائی۔
آپ کے والد قاضی عبدالحمید ملٹری اکاؤنٹس میں ملازم تھے۔ اس لیے جہاں جہاں ان کا تبادلہ ہوتا رہا، بچوں کو بھی ہمراہ لے جاتے رہے۔ قیامِ پاکستان کے وقت آپ کے والد قاضی عبدالحمید بیوی بچوں کے ہمراہ انبالہ میں مقیم تھے۔ سلیم اختر کو انبالہ، پونہ، لاہور، فورٹ سنڈیمن، (بلوچستان) اور راولپنڈی میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملے۔ آپ نے میٹرک فیض الاسلام ہائی اسکول راولپنڈی سے 1951ء میں کیا۔ ایف اے اور بی اے گورنمنٹ کالج اصغر مال راولپنڈی سے اور ڈپلومہ آف لائبریری سائنس، ایم اے (اردو)، پی ایچ ڈی جامعہ پنجاب لاہور سے کی۔ تعلیم سے فراغت کے بعد شعبۂ تعلیم سے وابستہ ہو گئے۔ اس کے علاوہ مختلف ادبی رسالوں کے ساتھ بھی منسلک رہے۔
ڈاکٹر سلیم اختر کو ان کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں 2008ء کو حکومت پاکستان کی طرف سے انہیں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکاردگی سے نوازا گیا۔