وکی پیڈیا کے مطابق پنڈت برجموہن دتاتریہ کیفی دہلوی (Pandit Brij Mohan Dattatreya Kaifi) اُردو زبان کے مشہور و معروف ادیب، قادر الکلام شاعر، ڈراما نویس، ناول نگار اور پلند پایہ انشا پرداز 13 دسمبر 1866ء کو دہلی میں پیدا ہوئے۔
فنِ شاعری میں مولانا الطاف حسین حالی پانی پتی کے شاگرد تھے۔ اُردو کے علاوہ ہندی، عربی، فارسی اور انگریزی کے بھی عالم تھے۔ عرصۂ دراز تک لاہور میں مقیم رہے، جہاں اُن کا لڑکا انگریزی اخبار ’’دی ٹریبون‘‘ کا ایڈیٹر تھا۔ انجمنِ ترقیِ اُردو میں بابائے اُردو مولوی عبد الحق کے بعد برجموہن ہی کا درجہ تھا۔ ساری عمر نہایت خلوص کے ساتھ اُردو کی خدمت کی۔ گفتگو، تقریر اور تحریر نہایت شستہ اور شائستہ ہوتی تھی۔ ہر ایک سے اخلاق و مروت سے پیش آتے تھے ۔ صلحِ کُل شخص تھے۔
یکم نومبر 1955ء کو دورانِ سفر قصبہ غازی آباد میں انتقال کر گئے۔