وکی پیڈیا کے مطابق سلیم رضا (Saleem Raza) پاکستانی پسِ پردہ فلمی گلوکار 25 نومبر 1983ء کو گردوں کے مرض کی وجہ سے کینیڈا میں انتقال کرگئے۔
4 مارچ 1932ء کو امرتسر، برطانوی ہندوستان میں ایک مسیحی خاندان میں پیدا ہوئے۔ اصل نام "Noel Dias” تھا۔ تقسیمِ ہند کے بعد پاکستان منتقل ہوگئے۔ لاہور میں سکونت اختیار کی اور اپنا نام تبدیل کرکے سلیم رضا رکھ لیا۔ گلوکاری کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا۔ فلم ’’نوکر‘‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ مشہور فلمی نغمات میں ’’یارو مجھے معاف رکھو میں نشے میں ہوں‘‘ (سات لاکھ)، ’’اے دل کسی کی یاد میں‘‘، ’’جانِ بہاراں رشکِ چمن‘‘ (عذرا)، ’’اور کہیں دو دل جو مل جاتے‘‘ (سہیلی) جیسے متعدد یادگار نغمات پر اپنی آواز کا جادو جگایا۔
البتہ فلمی صنعت میں احمد رشدی، مہدی حسن، مسعود رانا، مجیب عالم اور دیگر گلوکاروں کی آمد کے بعد ان کی مانگ میں کمی آتی چلی گئی۔ بالآخر مایوس ہو کر کینیڈا چلے گئے، جہاں 1975ء میں موسیقی کا ایک اسکول قائم کیا۔