31 total views, 3 views today

وکی پیڈیا کے مطابق شفیع محمد شاہ (Shafi Muhammad Shah) مشہور ریڈیو، ٹیلی وِژن اور فلمی اداکار 17 نومبر 2007ء کو کراچی میں انتقال کرگئے۔
1949ء کوکنڈیارو، ضلع نوابشاہ، پاکستان میں پیدا ہوئے۔سندھ یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ایم اے کا امتحان پاس کیا اور ایگری کلچر بنک میں ملازمت سے عملی زندگی کا آغاز کیا۔ اسی زمانے میں اپنی خوب صورت آواز کی بدولت ریڈیو پاکستان میں بھی صداکاری کے جوہر دکھانے لگے۔ کچھ عرصہ بعد ملازمت ترک کرکے لاہور چلے گئے، جہاں اداکار محمد علی کی وساطت سے فلم ’’کورا کاغذ‘‘ میں کردار ادا کیا۔ لاہور ہی میں پاکستان ٹیلی وژن کے پروڈیوسر شاہزاد خلیل نے اپنے ڈرامے ’’اُڑتا آسمان‘‘ سے چھوٹی اسکرین پر متعارف کروایا…… لیکن شہرت کا آغاز ڈراما سیریل ’’تیسرا کنارا‘‘ سے ہوا۔ لاہور میں قیام کے دوران میں کئی اور فلموں میں کام کیا جن میں ’’بیوی ہو تو ایسی‘‘، ’’ایسا بھی ہوتا ہے‘‘، ’’نصیبوں والی‘‘، ’’روبی‘‘، ’’تلاش‘‘، ’’میرا انصاف‘‘ اور ’’الزام‘‘ شامل ہیں۔ ٹیلی وژن کے 50 سے زائد ڈراما سیریلز میں اداکاری کی جن میں ’’آنچ‘‘، ’’چاند گرہن‘‘، ’’جنگل‘‘، ’’دائرے‘‘ ، ’’کالا پل‘‘، ’’ماروی‘‘ اور ’’کھیلن کو مانگے چاند‘‘ کے نام سرفہرست ہیں۔
شفیع محمد شاہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی گورننگ باڈی کے رکن بھی منتخب ہوئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے ٹکٹ پر 2002ء میں کراچی سے قومی اسمبلی کا انتخاب بھی لڑا مگر کامیاب نہ ہوسکے۔
صدارتی تمغا برائے حسنِ کارکردگی (1989ء )، بہترین اداکار (پاکستان ٹیلی وژن) اور ’’ستارۂ امتیاز‘‘ (بعد از مرگ)جیسے اعزازات سے نوازے گئے۔




تبصرہ کیجئے