وکی پیڈیا کے مطابق کاجول دیوگن (Kajol Devgon) ہندی فلموں کی مشہور اداکارہ 5 اگست 1974ء کو ممبئی، انڈیا میں پیدا ہوئیں۔
والدہ تنوجا مراٹھی تھیں اوراداکارہ تھیں۔والد شومُو مکھرجی خود ہدایتکار اور فلمساز تھے۔فلمی سفر کا آغاز 1992ء میں فلم ’’بے خودی‘‘سے کیا، جو کامیابی حاصل نہ کرسکی لیکن اس فلم نے کاجول کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔1993ء میں فلم ’’بازیگر‘‘ میں پہلی بار بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی بے ساختہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فلم کو باکس آفس پر شان دار کامیابی حاصل ہوئی۔ ’’بازیگر‘‘، ’’یہ دل لگی‘‘، ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘، ’’عشق‘‘، ’’دشمن‘‘، ’’پیار کیا توڈرنا کیا‘‘، ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘، ’’کبھی خوشی کبھی غم‘‘، ’’فنا‘‘، ’’یو می اور ہم‘‘، ’’وی آر فیملی‘‘ اور ’’مائی نیم از خان‘‘ کاجول کی مشہور فلمیں ہیں۔
24 فروری 1999ء کو اداکار اجے دیوگن کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔ان کی ایک چھوٹی بیٹی ہے جس کا نام ’’نیسا‘‘ ہے اور ایک بیٹا ’’یُگ‘‘ ہے۔
کاجول کے نام کُل 6فلم فیئر ہیں، جن میں سے 5 بہترین اداکارہ کے ایوارڈ ہیں جو خود ایک ریکارڈ ہے۔ منفی کردار بھی بخوبی نبھائے جن میں فلم ’’گپت‘‘ بھی شامل ہے جس کے لیے انہیں بہترین منفی کردار (ویلن) کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ 2011ء میں ہندوستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز ’’پدما شری‘‘ سے بھی انہیں نوازا گیا۔