وکی پیڈیا کے مطابق پنجاب کے سابق گورنر، وزیرِ اعلا، دانشور، خطاط اور مصور حنیف رامے 1 جنوری 2006 ء کو لاہور میں انتقال کرگئے۔
1930ء میں فیصل آباد اور ننکانہ کے قریب گاؤں پنچک بچیکی میں پیدا ہوئے تھے۔ آرائیں کاشتکار برادری سے تعلق رکھنے والے ان کے والد کا نام چودھری غلام حسین تھا۔ دس سال کی عمر میں لاہور آئے اور اسلامیہ ہائی اسکول بھاٹی گیٹ سے تعلیم حاصل کی۔
1952ء میں گورنمنٹ کالج لاہور سے معاشیات میں ایم اے کیا، جہاں کا لج کے رسالہ ’’راوی‘‘ کے مدیر بھی رہے۔ کچھ عرصہ لارنس کالج گھوڑا گلی میں استاد رہے۔ بعد میں اپنے بڑے بھائی چودھری نذیر کے معروف اشاعتی ادارہ ’’مکتبہ جدید‘‘ سے بطورِ مدیر وابستہ ہو گئے۔ معروف ادبی رسالہ ’’سویرا‘‘ کی ادارت بھی کی۔ سویرا سے الگ ہوکر اپنا رسالہ ہفت روزہ ’’نصرت‘‘ جاری کیا جو ایک علمی رسالہ تھا۔ یوں جدید علمی نظریات اردو دان طبقہ تک پہنچائے۔ اپنا اشاعتی ادارہ بھی ’’البیان‘‘ کے نام سے بنایا۔
حنیف رامے کی پہلی بیوی شاہین رامے سولہ سال پہلے انتقال کرگئی تھیں۔ جائس سکینہ نامی ایک امریکی خاتون سے دوسری شادی کی۔ بیٹی مریم رامے اپنے دور کی مشہور گلوکارہ رہیں۔