وکی پیڈیا کے مطابق ہندوستان کے نامور اداکار اور ہدایت کار راج کپور 14 دسمبر 1924ء کو پشاور میں پیدا ہوئے۔
راج کپور 14 دسمبر 1924ء کو پشاور میں پیدا ہوئے ۔ فلموں میں ’’کلیپ بوائے ‘ ‘ کے طور پر اپنی فنی زندگی کا آغاز کرنے والے راج کپور نے نہ صرف اپنے والد پرتھوی راج کپور کی فنی وراثت کے دباؤ میں اپنا تخلیقی سفر طے کیا، بلکہ اس میں اپنے لیے ایک مقام کی تراش خراش بھی کر ڈالی۔ شروع ہی سے بغیر کسی تعصب اور بغض کے مقبولِ عام انداز کو اختیار کرکے وہ چار دہائیوں تک فلم کے اُفق پر اداکار اور ہدایت کار کے طور پر راج کرتے رہے۔
بھارت کے علاوہ روس اور مشرق وسطیٰ تک دیکھے جانے والا یہ فنکار گو میٹرک کے امتحان میں فیل ہو گیا تھا لیکن آج ہندوستان کی یونیورسٹیوں میں سنیما پر موضوعِ تحقیق کا درجہ اختیار کر چکا ہے۔
2 مئی سنہ 1988ء کی رات راج کپور ہندوستانی فلموں میں اپنی گراں مایہ خدمات کے لیے ’’دادا صاحب پھلکے ایوارڈ‘‘ لینے کے لیے آئے لیکن دمے کے ایک اچانک دورے کے سبب سٹیج پر آکر اپنا ایوارڈ وصول نہ کرسکے۔ اس سے ٹھیک ایک مہینے بعد (2 جون 1988ء) انتقال کرگئے۔