وکی پیڈیا کے مطابق ہندوستان کے معروف ترقی پسند شاعر، رومانی اور انقلابی نظموں کے لیے مشہور، اپنے دور کے محبوب شاعرمجازؔ5 دسمبر 1955ء کو 44 سال کی عمر میں لکھنؤ میں انتقال کر گئے ۔
19 اکتوبر 1911ء میں قصبہ رودولی ضلع بارہ بنکی میں پیدا ہوئے۔ اصل نام اسرارالحق اور مجازؔ تخلص اختیار کیا۔تعلیم کے لیے لکھنؤ آئے اور یہاں سے ہائی اسکول پاس کیا۔ لکھنؤ سے اس قدر لگاؤ ہوا کہ مجازؔ نے اپنے تخلص میں لکھنؤ جوڑ لیا اور مجازؔ لکھنوی کے نام سے جانے گئے ۔
1935ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی اے کیا۔ 1936ء میں دہلی ریڈیو اسٹیشن سے شائع ’’آواز‘‘ کے پہلے مدیر مجازؔ ہی تھے ۔ کچھ وقت بمبئی انفارمیشن میں بھی کام کیا اور پھر لکھنؤ آکر ’’نیا ادب‘‘ اور ’’پرچم‘‘ کی ادارت کی۔ اس کے بعد دہلی میں ہارڈنگ لائبریری سے منسلک ہوئے ۔
2008ء میں ایک ڈاک ٹکٹ حکومت ِ ہند کی جانب سے مجازؔ کی یاد میں جاری کیا گیا تھا۔