وکی پیڈیا کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے اُردو کے ممتاز شاعر صہبا اختر 30ستمبر 1931ء کو جموں، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔
والد منشی رحمت علی کا تعلق امرتسر سے تھا، وہ آغا حشر کاشمیری کے ہم عصر تھے ۔ صہبا اختر نے بریلی سے میٹرک کا امتحان پاس کرنے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں داخلہ لیا، مگر اسی دوران میں پاکستان کا قیام عمل میں آ گیا اوراپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ پاکستان آنا پڑا۔ پاکستان آنے کے بعد صہبا اختر نے بہت نامساعد حالات میں زندگی بسر کی۔ پھر محکمۂ خوراک میں بطورِ انسپکٹر ملازمت اختیار کی اور ترقی کرکے راشننگ کنٹرولر کے عہدے تک پہنچ کر ریٹائر ہوئے۔
شعر و سخن کا ذوق زمانۂ طالب علمی ہی سے تھا۔ ایک زود گو شاعر تھے ۔ نظم، قطعہ، گیت، ملی نغمے ، دوہے اور غزل ہر صنفِ سخن میں طبع آزمائی کی۔
حکومتِ پاکستان نے صہبا اختر کو وفات کے بعد ادبی خدمات کے اعتراف کے طور پر صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔ادبی خدمات کے اعتراف میں گلشن اقبال کراچی میں سڑک کا نام ان کے نام منسوب کیا گیا ہے۔