وکی پیڈیا کے مطابق اردو کی پہلی خاتون نقاد، تانیثیت (Feminism) کی علم بردار، افسانہ نگار، مترجم اور ادبی مجلے ’’نیا دور‘‘ کی مدیر ممتاز شیریں 12 ستمبر 1924ء کوہندو پور، آندھرا پردیش، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئیں۔
نانا ٹیپو قاسم خان نے اپنی نواسی کو تعلیم و تربیت کی خاطر اپنے پاس میسور بلا لیا۔ اس طرح بچپن ہی میں ممتاز اپنے ننھیال میں رہنے لگیں۔ نانا اور نانی نے اپنی ہو نہار نواسی کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی۔ 1942ء کو صمد شاہین سے شادی ہو گئی۔ 1944ء میں صمد شاہین سے مل کر بنگلور سے ایک ادبی مجلے ’’نیا دور‘‘ کی اشاعت کا آغاز کیا۔ اس رجحان ساز ادبی مجلے نے جمود کا خاتمہ کیا اور مسائلِ ادب اور تخلیقی محرکات کے بارے میں چشم کشا صداقتیں سامنے لانے کی سعی کی۔ زندگی کے آخری دنوں میں حکومتِ پاکستان کی وفاقی وزارتِ تعلیم میں بہ حیثیتِ مشیرِ خدمات پر مامور تھیں۔ 1972ء کو پیٹ کے سرطان میں مبتلا ہوئیں اور 11 مارچ 1973ء کو انتقال کرگئیں۔