وکی پیڈیا کے مطابق اردو کے شہرۂ آفاق سفرنامہ نگار، ناول نگار اور کالم نویس مستنصر حسین تارڑ یکم مارچ 1939ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔
بیڈن روڈ پر واقع لکشمی مینشن میں بچپن گزرا، جہاں سعادت حسن منٹو پڑوس میں رہتے تھے۔ مشن ہائی اسکول، رنگ محل اور مسلم ماڈل ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ میٹرک کے بعد گورنمنٹ کالج میں داخلہ لیا۔ ایف اے کے بعد برطانیہ اور یورپ کے دوسرے ممالک کا رُخ کیا، جہاں فلم، تھیٹر اور ادب کو نئے زاویے سے سمجھنے ، پرکھنے اور برتنے کا موقع ملا۔ پانچ برس وہاں گزارے اور ٹیکسٹائل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرکے وطن واپس لوٹے ۔
مستنصر حسین تارڑ پاکستان کے مشہور سفر نامہ نگار ہیں۔ اب تک پچاس سے زیادہ کتابیں لکھ چکے ہیں۔ وجۂ شہرت سفر نامے اور ناول نگاری ہے ۔ اس کے علاوہ ڈراما نگاری، افسانہ نگاری اور فن اداکاری سے بھی وابستہ رہے ۔پاکستان کے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے ادیب ہیں۔آبائی تعلق گجرات سے ہے لیکن اس وقت لاہور میں رہتے ہیں۔ بچپن میں قیامِ پاکستان کو دیکھنے کا موقع ملا ۔
مستنصر حسین تارڑ کے والد رحمت خان تارڑ گجرات کے ایک کاشت کار گھرانے سے تعلق رکھتے تھے ۔ والد سے گہرا اثر قبول کیا۔