وکی پیڈیا کے مطابق پاکستان کے نامور محقق، افسانہ نگار، ناول نگار، نقاد، کالم نگار، مترجم اور شاعر ڈاکٹر انیس ناگی 10ستمبر 1939ء کو شیخوپورہ میں پیدا ہوئے۔
آپ کے والد کا نام ابراہیم ناگی تھا۔ آپ کا خاندانی نام ’’یعقوب علی ناگی‘‘ تھا۔ آپ نے مسلم ہائی اسکول نمبر 2 لاہور سے میٹرک کیا۔ گورنمنٹ کالج لاہور سے انٹر اور اورینٹل کالج لاہور سے ایم اے (اردو) کیا۔ جامعۂ پنجاب سے اردو ادب میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔ تعلیم سے فراغت کے بعد آپ نے گورنمنٹ کالج لاہور اور گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں تدریسی فرائض سرانجام دیے ۔ گورنمنٹ کالج لاہور کے میگزین ’’راوی‘‘ کے مدیر بھی رہے۔ بعد ازاں سول سروس کا امتحان پاس کیا اور ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن سمیت مختلف سرکاری عہدوں پر فائز رہے۔ 1999ء میں آپ بورڈ آف ریونیو کے رکن کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔
آپ کی شاعری اور نثر کی پچاس سے زائد کتب شائع ہو چکی ہیں۔آپ 7 اکتوبر 2010ء کو لاہور کی پنجاب پبلک لائبریری میں دوپہر کے وقت کتابوں کے مطالعے کے دوران میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے اور علامہ اقبال ٹاؤن کے قبرستان میں سپرد خاک ہوئے۔