وکی پیڈیا کے مطابق 26 مئی 1808ء الجزائر کے ہیرو عبدالقادر الجزائری پیدا ہوئے۔
الجزائر کو فرانس کے تسلط سے بچانے کے لیے جس رہنما نے نمایاں اور قابل قدر کوشش کی اور تحریک آزادی کو عوامی مزاحمت بنادیا، وہ آپ ہی ہیں۔
الجزائر کی تاریخ میں ’’عقبہ بن نافع‘‘ اور ’’خیر الدین باربروسا‘‘ کے علاوہ کسی اور شخص کو وہ شہرت، عظمت اور نیک نامی حاصل نہیں ہوئی جو عبد القادر الجزائری کو حاصل ہوئی۔ انہوں نے آدمیوں اور وسائل کی کمی کے باوجود جس بے جگری سے فرانسیسی حملہ آوروں کا 15 سال تک مقابلہ کیا، اس کی مثالیں کم ملیں گی۔ مؤرخین نے ان کی انتظامی صلاحیت اور تدبر کی بہت تعریف کی ہے اور وہ اسلامی تاریخ کی ان ہستیوں میں سے ہیں جن کی ان کے مخالفین نے بھی دل کھول کر تعریف کی۔
ان کی شکست کے بعد الجزائر میں فرانس کا مقابلہ کرنے والا کوئی نہ رہا اور ایک سال کے اندر اندر فرانس پورے الجزائر پر قابض ہو گیا اور اسے فرانس کا ایک حصہ قرار دے دیا گیا۔
امریکی ریاست آئیووا کا ایک شہر القادر (Elkader) انہی سے موسوم ہے۔