وکی پیڈیا کے مطابق 10 دسمبر 1963ء کو اسکواش کے شہرہ آفاق کھلاڑی جہانگیر خان کراچی میں پیدا ہوئے۔
جہانگیر خان اپنے کیرئیر کے آغاز میں پہلے برس تو برٹش اوپن نہیں جیت سکے، مگر اُسی برس انہوں نے اپنے ہم وطن قمر زمان کو ورلڈ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں شکست دے کر کامیابیوں اور کامرانیوں کے اس سفر کا آغاز کیا جس کی کوئی مثال اسکواش کی دنیا میں توکجا کھیلوں کی دنیا میں بھی دور دور تک نہیں ملتی۔ جہانگیر خان 1993ء تک اسکواش کی دنیا پر راج کرتے رہے۔ اس دوران میں انہوں نے دنیائے اسکواش کی ہر بڑی چمپئن شپ جیتی۔ وہ 1981ء سے 1986ء تک ہر مقابلے میں ناقابل شکست رہے ۔ اپنے کیریئر میں انہوں نے دس مرتبہ برٹش اوپن اور چھے مرتبہ ورلڈ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کا 6 مرتبہ ورلڈ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیتنے کا ریکارڈ تو جان شیر خان توڑ چکے ہیں، مگر ان کا 10 مرتبہ برٹش اوپن جیتنے کا ریکارڈ آج بھی برقرار ہے۔
جہانگیر خان انٹرنیشنل اسکواش سرکٹ میں ایک ناقابل شکست کھلاڑی تصور کیے جاتے تھے جب کہ ان کے حوالے سے یہ بھی مشہور ہے کہ انہوں نے مسلسل 555 میچز میں کامیابی کو اپنے گلے لگایا۔
دوسری طرف بی بی سی اردو سروس کی ایک سٹوری کے مطابق جہانگیر خان کے 555 میچز میں کامیابی کے اس دعوے کو مشکوک قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس کا کوئی ریکارڈ نہیں۔