’’اسلامک سنٹر مین ہیٹن‘‘ نیویارک شہر کی سب سے پہلی مسجد ہے۔ یہ مسجد نیویارک شہر کے ڈاؤن ٹاؤن (مرکزی حصے) میں ہیٹن میں تھرڈ ایونیو اور 96ویں 97ویں سٹریٹ کے سنگم پر واقع ہے۔ نیویارک شہر میں 1960ء ہی سے مسلم کمیونٹی کی طرف سے مسجد کی ضرورت کو شدت کے ساتھ محسوس کیا جا رہا تھا۔ ریور سائڈ ڈرائیو کی 72ویں سٹریٹ پر پہلے ایک چھوٹی سی مسجد بنائی گئی، لیکن ٹرسٹی بورڈ کے ارکان کسی بڑی وسیع جگہ پر ایک ذی وقار مسجد بنانا چاہتے تھے، جو شہر میں مسلم کمیونٹی کی بہتر انداز میں نمائندگی کرسکے۔
مسجد سے ملحق سکول، لائبریری اور ایک لیکچر ہال بنانا بھی مقصود تھا۔ بہت تگ و دو کرنے کے بعد 26 مئی 1988ء کو مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ بیچ میں گلف وار اور عراق کے کویت پر حملے کی وجہ سے تعمیری کاموں میں سست روی رہی۔ آخرِکار 15 اپریل 1991ء کو عیدالفطر کے دن اس مسجد میں پہلی نماز (نمازِ عید) ادا کی گئی۔ 47 مسلم ممالک نے مسجد کے تعمیری فنڈ میں فراخ دلی سے حصہ لیا تھا۔ مسجد کی تعمیر پر 17 ملین ڈالر خرچ ہوئے۔ اس مسجد کا گنبد فرش سے 90 فٹ اور مینار 130 فٹ بلند ہے۔ مسجد میں 1000 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس مسجد کی تعمیر میں سٹیل، کنکریٹ، سنگِ مرمر اور شیشہ استعمال کیا گیا ہے۔
گو یہ مسجد دوسری بڑی مساجد کے مقابلے میں چھوٹی ہے، لیکن علاقے کی اہمیت کے پیشِ نظر اس کا مقام عالمِ اسلام کی نگاہ میں بہت بلند ہے۔ کیوں کہ اسے ایک بڑے ملک کے سب سے بڑے شہر میں پہلی مسجد ہونے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔
(روزنامہ مشرق، پشاور/ اسلام آباد 21 فروری 2020ء)