’’سربلند‘‘ سوات، دیر، چترال اور شمالی علاقہ جات کے بارے میں 40 علمی، ادبی، تاریخی اور ثقافتی مقالوں پر مشتمل مجلہ ہے، جس میں ان علاقوں میں بسنے والی قوموں کی زبانوں، ثقافتوں، ادب، سیاحت اور تاریخ جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس مجلے کا مقصد متعلقہ علاقوں کے ثقافتی، سماجی، طبعی اور سیاسی مطالعات کو فروغ دینا ہے۔ اس کاوش کے ذریعے ان علاقوں میں رہنے والی قوموں کا ایک دوسرے سے تعارف، تاریخی طور پر ان کی اصل نسل کی شناخت، ان کے مابین علم کی آبیاری اور اس علم کو پھیلانا شامل ہے، تاکہ ماضی کے برعکس یہاں کے باشندے خود تحقیق و تجسس کا راستہ اپنا کر علم کی تخلیق کرسکیں اور اس کو آپس میں بانٹ سکیں۔ اعلا معیار کے یہ تحقیقی، تاریخی اور ثقافتی مضامین نہ صرف محققین کے لیے نہایت کار آمد ہیں بلکہ عام فہم اور سہل اندازِ بیاں کی وجہ سے عام پڑھنے والوں کے لیے بھی بے حد دلچسپ اور معلومات افزا ہیں۔
مجلے کو چھے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
٭ پہلا حصہ عمومی ہے جہاں پورے علاقے کے بارے میں عمومی مقالے شامل ہیں۔
٭دوسرا حصہ سوات اور دیر کے حوالے سے ہے جس میں ان علاقوں کی مناسبت سے مضامین شامل ہیں۔
تیسرا حصہ کوہستان اور ہزارہ ہے جہاں اس علاقے کے بارے میں مضامین ہیں۔
٭ چوتھا حصہ چترال کے بارے میں ہے
٭ پانچواں حصہ گلگت بلتستان کے بارے میں ہے
٭ اور چھٹے حصے میں کشمیر، لداخ اور افغانستان پر مضامین شامل ہیں۔
مجلے کے مدیر بحرین، سوات کے ممتاز سوشل ایکٹیوسٹ اور ابھرتے ہوئے تجزیہ نگار زبیر تور والی ہیں۔ زبیر اور ان کے ساتھی ادارہ برائے تعلیم و ترقی کے زیرِاہتمام اپنے علاقے کی زبان، تہذیب و ثقافت، تاریخ، سیاحت اور تعلیم کے میدان میں بہت خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے اپنی مادری زبان توروالی میں کئی کتابوں کی اشاعت ممکن بنائی ہے اور اس کی ترقی و ترویج اور اسے زندہ رکھنے کے لیے ان کی پیہم کاوشیں قابل قدر ہیں۔
خوب صورت تزئین و طباعت، ہارڈ کور اور ضخامت کے اعتبار سے اس کی قیمت بہت کم رکھی گئی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ اہلِ وطن اپنے ملک کے دور دراز کے ان خوب صورت اور اہم علاقوں کے بارے میں جان سکیں۔اس مجلے کا ناشر ’’ادارہ برائے تعلیم و ترقی‘‘ (اب ت) بحرین، سوات ہے لیکن اس کی تزئین و اشاعت کا اہتمام شعیب سنز پبلشرز اینڈ بک سیلرز نے نہایت معیاری اور دیدہ زیب انداز میں کیا ہے۔ مجلہ مینگورہ میں شعیب سنز کے علاوہ پشاور میں یونی ورسٹی بک ایجنسی خیبر بازار، اسلام آباد میں سعید بک بینک جناح سپر مارکیٹ، لاہور میں المیزان پبلشرز اُردو بازار اور کراچی میں ویلکم بک پورٹ اُردو بازار اور فضلی سنز اُردو بازار سے طلب کیا جاسکتا ہے۔
………………………………………………………………..
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔