افسانہ انگریزی شارٹ سٹوری (Short Story) کا اُردو ترجمہ ہے۔ ادبی اصطلاح میں اسے فکشن (Fiction) کا نام دیا گیا ہے۔ یہ داستان اور ناول کی ترقی یافتہ شکل ہے۔
شاعری کی طرح افسانے کی کوئی حتمی تعریف ممکن نہیں۔ مشہور امریکی افسانہ نگار ’’ایڈ گرایلن پو‘‘ کے الفاظ میں: ’’افسانہ ایک ایسی نثری داستان ہے جس کے پڑھنے میں ہمیں آدھ گھنٹے سے دو گھنٹے تک وقت لگے۔‘‘
ایک اور نقاد نے افسانے کی یہ تعریف کی ہے: ’’افسانہ ایک ایسی مختصر فکری داستان ہے جس میں کسی ایک واقعہ، کسی ایک خاص کردار پر روشنی ڈالی گئی ہو، اس میں پلاٹ ہو، اور اس پلاٹ کے واقعات کی تفاصیل اس طرح گٹھی ہوئی اور ان کا بیان اس قدر منظم ہو کہ وہ ایک متحد اثر پیدا کرسکے۔‘‘
افسانے کی درجِ ذیل اقسام ہیں:
٭ مقصدی یا نظریاتی افسانہ:۔ جس افسانے میں کوئی مقصد یا نظریہ زیادہ نمایاں نظر آتا ہے، اسے ہم مقصدی یا نظریاتی افسانہ کہہ سکتے ہیں۔
٭ واقعاتی افسانہ:۔ جس افسانے میں واقعات کو بھرپور اور پلاٹ پر زیادہ تر زور ہوتا ہے۔ اسے ہم واقعاتی افسانہ قرار دے سکتے ہیں۔
٭ نفسیاتی افسانہ:۔ جس افسانے کی بنیاد کوئی نفسیاتی نکتہ یا کسی کردار کا نفسیاتی تجزیہ ہو، اس افسانے کو ہم نفسیاتی افسانے سے موسوم کرسکتے ہیں۔
٭ کرداری افسانہ:۔ جس افسانے کا مرکزی تاثر کسی کردار کی خصوصیات سے نمایاں ہو، اسے ہم کرداری افسانہ قرار دے سکتے ہیں۔
٭ معاشرتی افسانہ:۔ جس افسانے میں کوئی معاشرتی مسئلہ پیش کیا جائے، اسے ہم معاشرتی افسانے کا عنوان دے سکتے ہیں۔
(’’ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم‘‘ کی تالیف ’’اصنافِ اُردو‘‘ ، ناشر ’’بک کارنر‘‘، تاریخِ اشاعت 23 مارچ 2018ء، صفحہ نمبر 25، 28 اور 29 سے انتخاب)