چینی فلسفی ’’کنفیوشس‘‘ (Confucius) نے آج سے ڈھائی ہزار سال پہلے ایک راز بیان کیا تھا: ’’وہ کام تلاش کرو جس سے تم محبت کرتے ہو، تمہیں زندگی بھر کام نہیں کرنا پڑے گا۔‘‘
ہم اپنی ملازمت کے دوران میں اپنی پوری زندگی (ساٹھ پینسٹھ سال)میں تقریباً 90 ہزار گھنٹے گزارتے ہیں۔ یہ کم وقت نہیں، مگر افسوس ہے کہ بہ مشکل پندرہ فی صد لوگ ایسے ہیں کہ وہ جب صبح اٹھتے ہیں، تو انہیں اپنے دفتر یا کام پر جانے میں مزہ آتا ہے۔ بہت بڑی اکثریت اپنے کام کے بارے میں سوچتی ہے، تو اسے اسٹریس یا ڈپریشن ہوجاتا ہے۔ اپنے کام کا تصور کرتے ہی انہیں زندگی سے کوفت محسوس ہونے لگتی ہے۔ خاص کر، پیر کی صبح ان لوگوں کے لیے پورے ہفتے میں سب سے بھاری ہوتی ہے۔
زندگی اپنے من پسند کام یا اپنے شوق کو تکمیل تک پہنچانے کا نام ہے۔ (قاسم علی شاہ کی کتاب ’’اپنی تلاش‘‘ مطبوعہ ’’قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن‘‘ صفحہ 95,96 سے انتخاب)