آداتِ تشبیہ کو حروفِ تشبیہ بھی کہتے ہیں۔ یہ وہ کلمات ہیں جو ایک لفظ کو دوسرے لفظ کے مشابہ کرنے کا واسطہ ہوں، اُردو میں اس کی بہت سی صورتیں ہیں۔ مثلاًـ: سا، سی، سے، جیسا، جیسی، جیسے، مانند، گویا، مثل، آسا، صورت، برنگ، وش (بعض اوقات صورت کے معنی میں یہ لفظ آتا ہے)، طرح، دار، بسان، بشکل، نظیر، روش، مشابہ، کہ مثال، مثیل، عدیل، رنگ، جوں وغیرہ آداتِ تشبیہ کی چند مثالیں۔
بات اس طرح سے بہکی تھی دہن سے اس کے
بادہ جوں ساغر لبریز سے جاتا ہے چھلک
اس شعر میں ’’جوں‘‘ حرفِ تشبیہ ہے۔
بقولِ ناسخؔ
حباب آسا میں دم بھرتا ہوں تیری آشنائی کا
نہایت غم ہے اس قطرہ کو دریا کی جدائی کا
اس شعر میں ’’آسا‘‘ حرفِ تشبیہ ہے۔
٭ اقسامِ تشبیہ بلحاظ حروف؍ آداتِ تشبیہ:
تشبیہ مرسل: یہ وہ تشبیہ ہے جس میں مشبہ اور مشبہ بہ کے درمیان حرفِ تشبیہ بہ طور واسطہ موجود ہو۔ تشبیہ کی اس قسم کو تشبیہِ صریح بھی کہتے ہیں، مثلاً:
یوں ترے حسن کی تصویر غزل میں آئے
جیسے بلقیس سلیماں کے محل میں آئے
یہاں حرفِ تشبیہ ’’جیسے‘‘ استعمال ہوا ہے۔
ہستی اپنی حباب کی سی ہے
یہ نمائش سراب کی سی ہے
حرفِ تشبیہ ’’سی‘‘ شعر میں مذکور ہے۔
تشبیہ مؤکد:۔ یہ وہ تشبیہ ہے جس میں مشبہ اور مشبہ بہٖ کے درمیان حرفِ تشبیہ موجود نہ ہو جیسے:
یہ شب یہ خیال و خواب تیرے
کیا پھول کھلے ہیں منھ اندھیرے
اس شعر میں محبوب کے خیال و خواب کو پھول سے تشبیہ دی گئی ہے، لیکن یہاں مشبہ اور مشبہ بہٖ کے درمیان حرفِ تشبیہ کا واسطہ نہیں ہے۔
بقولِ داغؔ
چمن کی وضع نے ہم کو کیا داغؔ
کہ ہر غنچہ دل پر آرزو تھا
اس کی دو قسمیں ہیں۔ ایک، حرفِ تشبیہ ہی محذوف ہو، جیسے:
روشن سوادِ زلف سیہ فام ہوگیا
دُر کان کا چراغِ سرِ شام ہوگیا
اس شعر میں ’’دُر‘‘ کو چراغِ سرِ شام سے تشبیہ دی گئی ہے اور حرف تشبیہ محذوف ہے۔
بقول سوداؔ:
زلفوں سے چھوٹ کر دل عشاق لٹکے ہیں
بالوں میں بحر حسن کے یہ جھمکیاں نہیں
دوسری قسم، مشبہ بہٖ، مشبہ کی طرف مضاف ہو، جیسے بقولِ ناسخؔ
ہوا سے بال اڑ کر آتے ہیں جو اس کے چہرے پر
غزالِ چشم شوخی کررہے ہیں چین گیسو میں
اس مثال میں چشم کو غزال سے تشبیہ دی ہے، چشم مشبہ، غزال مشبہ بہٖ اور مشبہ بہٖ مضاف ہے مشبہ کی طرف یہی حال چین گیسو کا ہے۔

……………………………………………………….

لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔