تغزل (Lyrical) ایک شعری اصطلاح ہے۔ تغزل اس کیفیت کا نام ہے جو شاعری میں لطف و اثر اور حسن و درد پیدا کرتی ہے۔
تغزل کی اصطلاح خالصتاً مشرقی ہے، لیکن اس کے خدوخال کی تلاش مغربی۔ غزل کے وہ باطنی محاسن جو پڑھنے والے کی طبع میں ایک وجد آفریں کیفیت پیدا کرتے ہیں اور وہ جھوم جھوم جاتا ہے، ان کی شناخت ایک لحاظ سے مشکل ہے۔ اسلوبِ بیاں، لب و لہجہ، پیرایۂ غزل، خیال انگیزی، غنائی کیفیت، بلاغت کا حسن اور تنظیمی جمال وہ عناصر ہیں جو غزل کو رعنائی دیتے ہیں۔ ان کا مجموعی تأثر ’’تغزل‘‘ کہلاتا ہے۔
تغزل خالصتاً شعر کا درونی حسن ہے اور اس کا تعلق قاری کے ذوق اور جمال آشنا طبیعت سے ہے، یعنی یہ تمام عناصر مل کر قاری کو جمالیاتی آسودگی دیتے ہیں۔
(پروفیسر انور جمال کی تصنیف ’’ادبی اصطلاحات‘‘ مطبوعہ ’’نیشنل بُک فاؤنڈیشن‘‘، اشاعتِ چہارم مارچ، 2017ء، صفحہ نمبر 79 اور 80 سے انتخاب)