فرانس کا شہرۂ آفاق ماہرِ علمِ نجوم ’’نوسٹراڈیمس‘‘ (Nostrodamus)، تاریخ پیدایشِ 1503ء، انتقال 1566ء نے دنیا کے آخری وقت کے بارے میں تہلکہ خیز پیشین گوئیاں کی ہیں۔
’’نوسٹراڈیمس‘‘ نے 1555ء میں اپنی پہلی کتاب میں بعض باتیں کہی ہیں۔ اس کتاب میں اس نے پیشین گوئی کی ہے کہ ایک لیڈر کی غلطی کی وجہ سے ایک بین الاقوامی حادثہ رونما ہوگا۔ اس حادثے میں سب سے بڑا مسئلہ یہ ہوگا کہ دو سپر طاقتوں کے درمیان تعلقات منقطع ہوجائیں گے…… اور یہ صورتِ حال مزید پیچیدہ ہوجائے گی۔ وہ لیڈر جس کی غلطی کی وجہ سے یہ سب ہوا ہوگا، اپنی اس غلطی پرپچھتائے گا اور اپنے عہدے پر بر قرار رہتے ہوئے صورتِ حال کو بہتر بنانے کی کوشش کرے گا۔
واضح رہے کہ ترکی اور روس کے درمیان آج کل ایسی ہی صورتِ حال نظر آتی ہے۔
’’نوسٹراڈیمس‘‘ مزید لکھتا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں اسی کشیدہ صورتِ حال کے دوران میں بحیرۂ روم کے کنارے آباد ایک ملک (غالباً ترکی) کا لیڈر ایٹم بم حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔ وہ لیڈر مزاج کا تیز ہوگا اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر بہت دور تک جانے والا ہوگا۔
یہ لیڈر ایٹم بم استعمال کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گا…… جب کہ جواب میں دوسرا ملک بھی ایٹمی حملہ کرے گا۔
’’نوسٹراڈیمس‘‘ لکھتا ہے کہ تیسری دنیا کے ایک ملک سے سیارہ رنگت والا ایک نوجوان اُٹھے گا…… اور اس وقت کے سپر پاؤرز کے خلاف تیسری دنیا کے ممالک کو متحد کرے گا۔
اس جنگ کے مراکز مشرقی یورپ اور مشرقی وسطیٰ ہوں گے۔ خاص طور پر یہ جنگ بحیرۂ قزوین، مشرقی بحیرۂ روم اور اس کی ایک شاخ ’’ایڈریاٹک‘‘ (Adriatic)میں لڑی جائے گی۔
اس جنگ میں کسی کو بھی واضح فتح حاصل نہیں ہوگی…… لیکن اس سے دجال کی آمد کی راہ ہموار ہوجائے گی۔
مزید پیش گوئیاں کرتے ہوئے ’’نوسٹراڈیمس‘‘ لکھتا ہے کہ ایک وقت آئے گا جب ایک بہت روشن دُم دار ستارا نمودار ہوگا…… اور اس وقت بہت بڑے ’’ارضیاتی مسائل‘‘ پیدا ہوں گے، زلزلے آئیں گے اور آتش فشاں پھٹیں گے…… جس سے دنیا کی معیشتیں برباد ہوں گی اور موسم بتانے والے سسٹمز ناکارہ ہوجائیں گے۔
اُس وقت دنیا شدید خشک سالی اور غذائی قلت کا شکار ہوجائے گی…… اور غیر متوقع طور پر خطوں اور ممالک میں ہنگامے پھوٹ پڑیں گے۔
اس وقت جو ممالک خوش حال اور طاقت ور سمجھے جاتے ہیں، خاص طور پر مغربی ممالک…… وہ کم زور ہوجائیں گے۔ وہ اندرونی فسادات اور لڑائی جھگڑوں سے تباہ ہوں گے۔ کیوں کہ وہاں کے لوگ ان علاقوں کی طرف ہجرت کریں گے جہاں پانی موجود ہوگا اور فصلیں اُگائی جاسکیں گے۔
یہی حال دجال کے اقتدار میں آنے کا باعث ہوگا…… مگر اس کا اقتدار گھاس کی آگ جیسا ہوگا جو خوب ہنگامہ خیز ہوگا لیکن جلد ہی زوال پذیر ہوجائے گا۔ (ماخوذ)
………………………………….
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔