کنفیوشس (551 تا 479 قبلِ مسیح) ایک چینی فلسفی اور کنفیوشس ازم کا بانی تھا۔
کنفیوشس (Confucius) ایک کسان گھرانے میں پیدا ہوا۔ 20 سال تک وہ چینی رسم و رواج، رہن سہن اور معاشرت کا مطالعہ کرتا رہا۔ 24 سال کی عمر میں ریاستِ سونگ کا وزیرِ قانون مقرر ہوا اور پھر وزیرِ اعلیٰ بنا۔ اس نے اپنے اخلاقی درسوں سے رعایا کے کردار و عمل میں استقامت پیدا کی۔ بعد ازاں ریاست کا راجا اور اس کے بیٹے کنفیوشس کی صاف گوئی اور انصاف پسندی سے خائف ہوگئے اور اسے ریاست سے نکال دیا۔ 20 سال تک اس نے جلاوطنی میں چین کی مختلف ریاستوں کی سیاحت کی اور لوگوں کو اخلاقیات کا درس دیا۔ ان درسوں میں کنفیوشس نے میانہ روی اختیار کرنے پر زور دیا۔
کنفیوشس کی تعلیمات کا تعلق زیادہ تر عملی زندگی سے ہے۔ اس کا نقطۂ نظر یہ تھا کہ انسان مرکزِ کائنات ہے اور اس کی ذات میں اعلیٰ کردار کے جوہر پوشیدہ ہیں۔ وہ اپنی توجہ سے یہ جوہر دریافت کرسکتا ہے۔
(’’تاریخِ عالم کی ڈکشنری‘‘ از ’’جان جے بٹ‘‘، تحقیق و ترجمہ ’’اخلاق احمد قادری‘‘، سنِ اشاعت 2019ء کے صفحہ نمبر 178 سے انتخاب)