کاما سوترا (Kamasutra) عشق و محبت اور جنسی مسرت سے متعلق معروف سنسکرت زبان کی کتاب ہے۔ یہ کتاب ایک درویش واتساین (Vatsyana)سے منسوب کی جاتی ہے۔ جس کا زمانہ چوتھی سے چھٹی صدی عیسوی کے درمیان کا ہے۔
تیرہویں صدی میں ’’یشودھرا‘‘ نامی ایک مصنف نے اس کتاب پر ایک بصیرت افروز تبصرہ قلمبند کیا تھا، جس سے لوگوں کو اس کی تحریر کو سمجھنا آسان ہوگیا۔ گذشتہ صدیوں میں بہت سے قارئین نے اس سے استفادہ کیا ہے۔ مغربی دنیا کے حالیہ جنسی انقلاب کے دوران بھی اس کی کلاسیکی اہمیت قائم رہی ہے۔
کاما کے معنی سنسکرت زبان میں خواہشات اور نفسانی بھوک کی تسکین ہے جو ہندی فلسفے کے مطابق انسان کے تین بنیادی اہداف میں ہے۔ دیگر دو اہداف ہندو فلسفہ میں ’’ارتھ‘‘ یعنی مادی خوشحالی اور معاشی و سیاسی اہداف کی جستجو ہے اور ’’دھرم‘‘ یعنی انسان کے مرتبے کے مطابق اس پر عائد ہونے والے فرائض ہیں۔
کاما سوترا میں پہلے ہدف کی تکمیل کے طریقے بڑی وضاحت سے بیان کیے گئے ہیں۔ اس کتاب کی کہانی ایک رنگین مزاج شخص کے گرد گھومتی ہے۔ اس سے ہمیں اُس زمانے کی سماجی زندگی کے بارے میں معلومات ملتی ہے۔
بنیادی طور پر اس کتاب میں بوس و کنار، عشق بازی اور مباشرت کے اُس زمانے میں رائج تیر بہدف نسخے بیان کیے گئے ہیں۔
(’’تاریخِ عالم کی ڈکشنری‘‘ از ’’جان جے بٹ‘‘، تحقیق و ترجمہ ’’اخلاق احمد قادری‘‘، سنِ اشاعت 2019ء کے صفحہ نمبر 349 سے انتخاب)