منگورہ میں بت کڑہ کے قریب سیدو شریف روڈ پر ایک خوب صورت، دل چسپ اور تاریخی عجائب گھر ’’سوات میوزیم‘‘ کے نام سے موجود ہے جو ضلعی عدالتوں اور دفاتر سے متصل واقع ہے۔ اس عجائب گھر کی بنیاد والئی سوات (مرحوم) نے رکھی تھی۔ یہ عجائب گھر اپنی منفرد تزئین و آرائش، حسین سبزہ زاروں اور قیمتی نوادرات کے باعث بہت مشہور ہے۔ یہاں زیادہ تر گندھارا تہذیب اور بُدھ مت سے متعلق اشیا رکھی گئی ہیں۔
اس میوزیم میں کل نو گیلریاں بنائی گئی ہیں، جن میں چار گیلریوں میں بدھ مت سے تعلق رکھنے والی اشیا نہایت نفاست اور سیلقے سے رکھی گئی ہیں۔ پانچویں گیلری میں گندھارا گریک کلچر اور پری بدھسٹ آثار سجائے گئے ہیں۔ چھٹی گیلری میں آثار قدیمہ کے مائنرز آبجیکشن ہیں۔ ساتویں، آٹھویں اور نویں گیلریاں سوات کی ثقافتی اور تہذیبی اشیا کے لیے مخصوص کی گئی ہیں۔ ان کو تین الگ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے تحت ایک میں سوات کوہستان کی اشیا، دوسری میں صرف وادئی سوات اور تیسری میں ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے برتن، کپڑے اور استعمال کی دیگر اشیا رکھی گئی ہیں۔
سوات میوزیم میں حال ہی میں جاپان کی حکومت کے تعاون سے 46 ملین ین (تقریباً 90 لاکھ روپے) کی خطیر رقم سے تزئین و آرائش کا نیا کام کیا گیا ہے جس سے میوزیم کی خوب صورتی اور اہمیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

سوات میوزیم میں رکھے گئے تاریخی آثار جو سوات کی پرانی تاریخ کا منھ بولتا ثبوت ہیں۔ (Photo: Content.PK)

یہاں سیاحوں کو میوزیم اور گندھارا تہذیب سے متعلق مختلف معلوماتی پروگرام دکھانے کے لئے ایک خوب صورت سماعت گاہ (آڈیٹوریم) بنایا گیا ہے جس میں جدید پروجیکٹر کی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ مختلف موضوعات پر لیکچرز اور مختلف قسم کی تقریبات کے انعقاد کا اہتمام بھی آڈیٹوریم میں کیا جا سکتا ہے۔ میوزیم کے ساتھ ہی مہمانوں کے لیے ایک خوب صورت ریسٹ ہاؤس موجود ہے۔ جس میں ٹھہرنے کے لیے میوزیم کے کیوریٹر سے اجازت لینا پڑتی ہے۔
سوات میوزیم میں قدیم سوات کا ایک چھوٹا سا روایتی گھر تعمیر کیا گیا ہے جس کا سارا کام روایتی اور مقامی فنِ تعمیر کا خوب صورت مظہر ہے۔ اس میں سوات کے قدیم طرزِ رہائش کی عکاس اشیا کو بڑے سلیقے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
سوات میوزیم میں ہر طرف سبزہ زار اور خوب صورت پھول کھلے ہوئے ہیں جس سے اس کا ماحول نہایت حسین اور پُرسکون محسوس ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہترین ماحول اور عجائب گھر میں موجود ہزاروں سال قدیم قیمتی نوادرات محققوں کو قدیم تہذیب و تمدن کے مطالعہ اور تحقیق کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتے ہیں۔
آثارِ قدیمہ سے دل چسپی رکھنے والے سیاحوں کو سوات کے آثارِ قدیمہ سے برآمد ہونے والے قدیم اور قیمتی نوادرات دیکھنے کے لیے ’’سوات میوزیم‘‘ اور قدیم آثار کو کھنڈرات کی شکل میں دیکھنے کے لیے میوزم کے قریب واقع ’’بت کڑہ‘‘ ضرور جانا چاہیے۔ (فضل ربی راہیؔ کی کتاب "سوات سیاحوں کی جنت” سے انتخاب)