نومنتخب صدرِ پاکستان عارف الرحمان علوی کی تاریخ پیدائش29جولائی 1949ء ہے۔
وکی پیڈیا کے مطابق آپ نے ’’ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہور‘‘ سے ڈینٹل سرجری کی سند حاصل کی۔ اس طرح ’’مشی گن یونیورسٹی‘‘ سے 1975ء میں فنِ دندان سازی پروستھوڈونٹکس میں ماسٹرز اور 1984ء میں آرتھوڈانٹکس میں ماسٹرز کیا۔ ایشیا پیسفک ڈینٹل فیڈریشن اور پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
آپ جماعتِ اسلامی پاکستان کے یوتھ وِنگ اسلامی جمعیت طلبہ سے منسلک تھے اور کالج میں اسٹوڈنٹ یونین کے صدر رہے۔آپ نے جماعت اسلامی پاکستان کی طرف سے 1979ء میں کراچی سے سندھ صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن بھی لڑا مگر انتخاب میں کامیاب نہ ہو سکے۔اس کے بعد سنہ 1996ء میں آپ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ آپ کا شمار پی ٹی آئی کے بانی اراکین میں ہوتا ہے ۔ سنہ 1996ء میں آپ پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ایک سال کے لیے رکن بنے اور سنہ 1997ء میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر بن گئے۔
آپ اگست 2018ء سے قومی اسمبلی پاکستان کے رکن ہیں۔ اس سے قبل بھی آپ جون 2013ء سے مئی 2018ء تک قومی اسمبلی پاکستان کے رکن رہ چکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے فعال رکن ہونے کی حیثیت سے آپ صدارتی انتخابات کے بعد آج 4 ستمبر 2018ء کو صدرِ پاکستان منتخب ہوئے۔