(خصوصی رپورٹ) وادیِ کالام کے علاقہ اوشو میں محکمۂ جنگلات کا ریسٹ ہاؤس ’’بھوت بنگلے‘‘ کا منظر پیش کرنے لگا۔ محکمہ کی غفلت اور بے پروائی سے والیِ سوات دور میں بنائے گئے اس خوب صورت ریسٹ ہاؤس کے دروازے، کھڑکیاں اور دیگر سامان نامعلوم افراد لے اُڑے ہیں۔ اب اس ریسٹ ہاؤس میں دن کے وقت بھی جانے والوں کو ڈر لگتا ہے۔
یہ ریسٹ ہاؤس جو وادیِ کالام کے خوبصورت ترین اور پُرفضا مقام پر واقع ہے، کی عمارت دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے روز بہ روز خراب ہو رہی ہے۔ چھت سے بھی لوگ جستی چادر سمیٹ کر لے جا رہے ہیں۔ اکثر اوقات نشئی افراد کا یہ ریسٹ ہاؤس مسکن بنا رہتا ہے۔
اس سلسلے میں ڈویژنل فارسٹ آفیسر کالام ’’محمد صدیق‘‘ نے رابطے پر ریسٹ ہاؤس کی خستہ حالی کی تصدیق کی اور کہا کہ وقتاً فوقتاً فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے ریسٹ ہاؤس کا یہ حال ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریسٹ ہاؤس اب محکمۂ سیاحت خیبر پختون خوا کو دیا گیا ہے۔