(خصوصی رپورٹ) سوات ایکسپریس وے (موٹر وے) پر ’’کرنل شیر خان انٹرچینج‘‘ سے چکدرہ تک ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیا گیا۔ اب اس ایکسپریس وے پر سفر کرنے والے فی کلومیٹر کے حساب سے ٹول ٹیکس دیں گے۔
خیبر پختون خوا ہائی وے اتھارٹی کے ساتھ اس ایکسپریس وے میں ’’ایف ڈبلیو اُو ‘‘ اور ’’سیپکو‘‘ پارٹنر ہیں۔ ’’پی کے یچ اے‘‘ نے اپنے حکم نامہ نمبر 1846/S.E/GPP/PKHA میں یکم اکتوبر 2021ء سے سوات ایکسپریس وے پر سفر کرنے والوں سے فی کلو میٹر ٹول ٹیکس وصول کرنا شروع کردیا ہے، جس کے مطابق کار، جیپ اور ٹیکسی سے 2.15 روپے فی کلومیٹر، ویگن 3.75 روپے فی کلومیٹر، کوسٹر 5.00 روپے فی کلومیٹر۔ بسیں 7.14 روپے فی کلومیٹر، ٹرک (2 & 3 ایکسل) 9.27 روپے فی کلومیٹر اور ہیوی ٹرک/ ٹریلر سے 11.42 روپے فی کلومیٹر ٹول ٹیکس وصول کرنا شروع کردیا ہے جو ایک سال کے لیے ہوگا۔
اس سلسلے میں خیبر پختون خوا ہائی وے اتھارٹی کے سوات ایکسپریس وے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر بخت اللہ نے رابطہ پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کی تصدیق کی اور کہا کہ ہم اور پارٹنروں کے درمیان معاہدہ کے تحت ہر سال سوات ایکسپریس وے کے ٹول ٹیکس میں 8 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں آل سوات ٹرانسپورٹ یونین کے صدر خائستہ باچا نے رابطہ پر بتایا کہ ٹول ٹیکس میں اضافہ ظالمانہ اقدام ہے۔ ایک طرف پٹرولیم کی قیمتوں میں بار بار اضافہ ہو رہا ہے، دوسری طرف ٹول ٹیکس میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والوں پر ہوگا۔ اسی حساب سے کرایوں میں بھی اضافہ ہوگا۔