"پڑوسی پِنڈ” دنگرام سے گزرتے ہوئے خوش گوار حیرت ہوتی ہے، جب دیکھتے ہیں کہ حضرات کے علاوہ کئی باوزن خواتین بھی بڑے اعتماد کے ساتھ مارچ کرتے ہوئے روئے زمین پر اپنا جسمانی بوجھ ہلکا کرنے میں کوشاں ہیں۔ قبل اس کے کہ خواتین کے اِس مارچ بارے بات کرنے کے چسکے میں پکے سے کچے میں اُتر جائیں اور کوئی حادثہ رونُما ہو جائے، پیار کا، یا کار کا، گاڑی کا انجن ٹمپریچر اب نارمل ہو چکا ہے۔ خوابیدہ کیفیات پر بیداری کی کیفیات کا غلبہ چھا گیا ہے۔ سو ہمیں کسی مارچ واچ کی طرف دھیان دینے کی بجائے گاڑی کی رفتار کی طرف دھیان دینا چاہیے، جس کا میٹر بیس اور تیس کے ہندسے کے بیچ ٹال مٹول کر رہا ہے۔ مینگورہ شہر سے جی ٹی روڈ پر ’’مخ پہ قبلہ‘‘ چلتے ہیں۔ ایک عرصہ سے اِس شہر کا سحر ٹوٹتا جا رہا ہے۔ دن بھر موٹر سائیکلوں، رکشوں، چینگ چیوں اور این سی پی کاروں کے بحرِ بیکراں میں اُن کے دُموں سے دُھواں نکلتا نہیں بلکہ بہتا ہے، چاہے یہ چلیں یا نہ چلیں۔ نتیجتاً پھیلی ہوئی آلودگی پر رات ڈھلے کُہر پڑتی ہے، تو اُس کی تہہ سطحِ زمین پر محفوظ ہوتی ہے جو سویرے سویرے ڈنکے کی چوٹ پر نظر آتی ہے۔ اس آلودگی نے اس شہر کو بہت جلد کوڑے دان نہ بنایا، تو پھر کہنا۔ سوات بیوٹی فی کیشن کا ڈھکوسلا نعرہ اور اربوں روپے کا جو منصوبہ تھا، وہ تو سیدو شریف کی ایک دیوار پر چونا لگانے میں اور بائی پاس روڈ کے اوپر کالا سُرمائی رنگ پھینکنے میں خرچ ہوگیا، اور تصویری کارروائی کے بعد ’’اللہ اللہ خیر صلا‘‘ تو ہوگیا، لیکن وہ پیسا اتنی آسانی کے ساتھ ہضم کیسے ہوگا؟ حضور! فائل پر فائل تیار پڑی ہے کرپشن کی اُن لازوال داستانوں کی۔ ہم بھی دیکھیں گے کہ کرپٹ مافیاز کو پاکستان میں رہنے کو جگہ نہیں ملے گی، یہ لوگ اپنی تمام پراپرٹیز چھوڑ کر یہاں سے زندہ بھاگ جائیں گے، اِن کو سر چھپانے کو جگہ نہیں ملے گی، ان شاء اللہ العزیز!
زندہ بھاگ جانے میں عافیت ہم بھی جانتے ہیں، وطن سے نہیں اِس شہر سے تیزی سے نکلتے ہیں، تاہم رہ رہ کر مینگورہ کے اُس مین بازار کے عروج کا زمانہ یاد کرکے کُڑھتے ہیں۔ اپنے دیسی ہوم میڈ ریاستی دَورکے دوران میں اور بعد میں بھی کافی وقت تک جہاں، ڈالرز اور پاؤنڈز کی کرنسی زیادہ اور اپنا پاکستانی ’’روپا‘‘ برائے نام چلتا، بہترین کوالٹی کی امپورٹیڈ اشیا مناسب داموں ملتیں، ملکی و غیرملکی سیاح اور تعلیمی اداروں کے جوق در جوق طلبہ و طالبات آتے، بین القوامی طائفوں کا اِس بازار میں جھمگٹا دکھائی دیتا۔ ہم لوگ بڑی بے باکی سے بے شلوار اور بے بنیان گوریوں کے ساتھ روٹین کا گشت بھی کرتے رہتے اور پیار ویار کی ہٹی کے در بھی وا کیے رکھے ہوتے۔
’’گورے میڈ پاکستان‘‘ کا جنگجویانہ خونی اور مہیب سایہ جب یہاں پر پڑا۔ صوفی محمد اور فضل اللہ جیسے لوگوں کو ریاستی مامتا کی پیاری گود سمیت توپ و تفنگ اور دیگر ہتھیاروں کے ساتھ بدامنی پیدا کرنے کے اَن گنت اوزار عنایت ہوئے۔ ’’لائسنس ٹو کِل‘‘ کا اختیار ملا اور ہر قسم کے سیاحوں پر سوات آنے کے دروازے بند کیے گئے، تو اس کے نتیجے میں مین بازار، وہ والا بازار نہیں رہا، بلکہ ورلڈ کلاس پوشاک کے کباڑ کا شو کیس بن گیا ہے۔ جمعہ مبارک کے دن اس کباڑ پر حملہ زَن عوام کے رش کا احوال دیدنی ہوتا ہے۔ شُکر ہے کچھ تو سستا ہے اِس بے حال و ’’بے پُرسان‘‘ مملکتِ مولا جٹ میں۔ وقت کے ساتھ یہ بازار مزید بے وقعت ہوکر امورِ خانہ داری کے دس نمبری دیسی سامان کا، کاریڈور بھی بنا۔ اب یہاں کاٹھ کباڑ اور کباب کی کڑاہیوں کے علاوہ کاشت کاری کے اوزار، از قسم کُھرپہ کُدال اور کسّی کُلہاڑے وغیرہ کا دھندا بھی ہوتا ہے۔ لکھ دیا جاتا ہے تاکہ سند رہے کہ اِن بازاروں میں دُنیائے فانی سے کب کے فانی ہوئے حکما کے جگر گوشے، پوتے، نواسے ’’معجون و مجلوقین‘‘ کو فٹ پاتھ پر رکھے ببانگِ دہل اُس کی نیلامی میں مصروف ہوتے ہیں، اور اِن نسخہ جات کے بیک ڈور کارناموں کی کہانیوں کو آنے جانے والوں کے سامنے اس انداز میں بیان کرتے ہیں کہ اللہ سائیں معاف فرمائے۔ ہر سننے والے کا من چاہے کہ دُنیا و ما فیہا کے جُملہ غم پسِ پُشت ڈال کر ایک آدھ ماشہ معجون کا حلوہ کھا کر فوری طور پر ’’ہوم سویٹ ہوم‘‘ کی طرف اُڑان بھریں اور گھر کے ‘’’میر من‘‘ کے معاونِ خاص بن جائیں۔
ٹی بی، دمہ، شوگر، جوڑوں اور کمر کا درد، کینسر، کڈنی سٹون اور ایڈز تک کے تمام لاعلاج مریضوں کو خبر ہو کہ ان کی بیماریوں کا شافی علاج ایک ہلکی چٹکی دوا سے اور ایک ہی ہچکی میں یہاں ’’برسرِ فُٹ پاتھ‘‘ ممکن ہے۔ کوئی حکیم میت میں جان ڈلوانے کا دعویٰ کرے، تو بعید نہیں کہ لوگ اپنے پیاروں کی میتیں اُٹھا کر اس کے آس پاس ڈیرے ڈال دیں۔
جگت باز نجومیوں کے دانہ پانی کا بھی یہاں خوب سکوپ ہے۔ بس کسی کھلی جگہ میں اپنے اوزار پھیلائے، ہجوم کو دائرے کی شکل میں بیٹھنے کی ترغیب دے،’’ہینڈز ناٹ فری سپیکر‘‘ پر مجمع کو آگ بگولا خطاب کرے، اژدھے کو کٹورے سے نکالنے کے لیے ہاتھ آگے پیچھے کرے، پھر جو بھی فروخت کرنا چاہے، کرے۔ عِطر، کاجل اور سُرخی پاوڈر فروخت کرنے والوں کا ایک مقبولِ عام گانا سنیں۔ اِس کے فوری بعد اپنی راہ لیتے ہیں۔
سترگے ورلہ توری کہ، عطر پی ورپوری کہ
زلفی ئے سمسوری کہ ،شونڈی ورلہ جوڑی کہ
چی ناوے ترینہ جوڑہ کے نو وَر ورپسی پوری کہ
اِس گانے کے بقیہ اشعار قابلِ اشاعت نہیں، سو وہ "سیلف سنسر” کی نذر کرتے ہیں۔ خدا ہی حافظ ہ وتیرا اے روبہ زوال مین بازار! (جاری ہے)

………………………………………….

لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔